ریاض: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل السعود سے ریاض میں ملاقات کی۔
ملاقات میں سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ اور کھلاڑیوں کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2024 کے میچز دیکھنے کے لیے پاکستان آنے کی دعوت دی۔
محسن نقوی نے مملکت میں کرکٹ کے فروغ اور سٹیڈیمز کی تعمیر میں ہر ممکن تعاون کی پیشکش بھی کی۔
چیئرمین پی سی بی نے پاکستانی کوچز کے ذریعے سعودی عرب کے کھلاڑیوں کو تربیت دینے کی پیشکش کی اور مملکت میں کرکٹ کی ترقی کے لیے کھلاڑیوں کے تبادلے کا پروگرام تجویز کیا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ‘سعودی عرب اپنے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو پاکستان بھیج سکتا ہے اور ہم (پی سی بی) کرکٹ کی ترقی اور اسٹیڈیم کی تعمیر میں مکمل تعاون فراہم کریں گے’۔
سعودی عرب ہر پاکستانی کا دوسرا گھر ہے۔ ہمیں سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ میں تعاون کرنے پر خوشی ہوگی،” چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا۔
سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل السعود نے بھی پی سی بی کے ساتھ مل کر کام کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن بھی کھلاڑیوں کی ترقی پر کام کر رہی ہے۔ شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود نے کہا کہ سعودی عرب میں کرکٹ کے تقریباً 18 ہزار کھلاڑی موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل چیلنج کپ بھی جیتا تھا۔
دریں اثناء محسن نقوی نے سعودی عرب کے نائب وزیر کھیل بدر بن عبدالرحمن القادی سے ملاقات کی اور کرکٹ کے فروغ، کھلاڑیوں کی ترقی اور سٹیڈیمز کی تعمیر پر تبادلہ خیال کیا۔
چیئرمین نے سعودی عرب کے نائب وزیر کھیل کو پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے میچ دیکھنے کے لیے پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔